آٹھ مارچ ۔ خواتین کا عالمی دن
جی تو آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہاہے۔ پہلے مبارک باد قبول کر لیجئے ہو سکتا ہے کہ پوری تحریر آپ پڑھنا پسند نہ کریں ۔
کہتے ہیں کہ
” قوموں کی عزت ہم سے ہیں”
یعنی قوموں کی عزت خواتین کی بدولت ہوتی ہے کبھی سوچا آپ نے کہ خواتین کی عزت کن سے ہے ؟
نہیں سوچا ؟
اب سوچ لیجئے ، اچھا رہنے دیجئے میں ہی بتا دیتی ہوں
خواتین کی عزت ان کے گھر سے ہے. اب آپ نے کہنا ہے یہ تو سب کو ہی پتا ہے اس میں نیا کیا ہے؟ نیا اس میں کچھ نہیں ہے بس ہم بھولنے لگے ہیں کہ ہماری ترجیحات کیا ہیں ؟ اور کیا ہونی چایئے تھیں ۔
اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار بہت اہم ہوتا ہے مگر اس کا ہرگز ہرگز یہ مطلب نہیں کہ معاشرے کی ترقی اور آگے سے آگے کی دوڑ میں اپنے ہی گھر کی طرف سے غافل ہو جائیں. ایک معاشرہ اسی وقت کامیاب ہو گا جب اس میں رہنے والے صحت مند ہوں گے یہاں صحت سے مراد جسمانی نہیں ہے، روحانی / ذہنی صحت پر میرا زیادہ زور ہے ۔
اک ماں ہونے کے ناطے جو اپ کی ذمہ داری بنتی ہے اولاد کی بہترین تربیت ‘ عمدہ اخلاق اور صحیح ، غلط کا فرق بتانا
اک ساس کے مقام پر ہونے کے ساتھ بہو کو اسکا مقام دینا
اک بہو ہوتے ہوئے سسرال کو جوڑ کر رکھنا
اک نند ہیں آپ اور بھابھی کے ساتھ احسن سلوک رکھنا
اک بھابھی کے روپ میں ہوتے ہوے نند کے لئے بہتر سوچ رکھنا
اک بیٹی ہونے کے ناطے گھر کی عزت کا خیال رکھنا
اک بہن ہیں تو سکون اور خوشی کا احساس برقرار رکھنا
اک عورت ہوتے ہو ئے دوسری عورت کا درد محسوس کرنا
اگر آپ یہ سب کر رہی ہیں تو یقین جانئے ہمارا معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ایک مظبوط اور خوش حال گھر ہی ایک مضبوط اور خوش حال معاشرے کی بنیاد رکھ سکتا ہے.
اگر کسی ایک جگہ بھی آپ اپنے حصے کا کام نہیں کر رہیں تو آج سے ہی اپنے حصے کا کام کرنے کا عہد کیجئے اور معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیجئے ۔